نیپال میں چوری کے سلسلہ وار واقعات کے الزام میں دو بھارتی گرفتار

کھٹمنڈو: نیپال کے سیاحتی شہر پوکھرا میں چوری اور لوٹ مار کے سلسلہ وار واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں دو بھارتی شہریوں سمیت نو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صوبہ گنڈکی کے ضلع کاسکی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کئے گئے بھارتی شہریوں کی شناخت اترپردیش کے رہائشی 23سالہ راہول نشاد اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 40سالہ سومناتھ جادو کے ناموں سے ہوئی ہے۔ان کے علاوہ دو چینی شہریوں اور پانچ نیپالی شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ گروہ ہمالیائی ملک کے ایک بڑے سیاحتی مرکز پوکھرا میں چوری اور لوٹ مار کے کم از کم چھ واقعات میں ملوث ہے۔پولیس نے ان کے قبضے سے نو موبائل فون، ایک سمارٹ واچ، ایک لیپ ٹاپ اور 1.394 تولہ سونے کے زیورات، تقریباً 16.26 گرام سونا برآمد کیا۔ پولیس نے کہا کہ ان کے خلاف انسداد چوری اور ڈکیتی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔







