شدید بارشوں ، مٹی کے تودے گرنے سے سرینگرجموں ہائی وے مکمل طورپربند

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کو باقی دنیا سے ملانے والے واحد زمینی راستے سرینگر جموں ہائی وے کو بدھ کی صبح ٹریفک کی آمدورفت کے لئے مکمل طورپربند کر دیا گیا کیونکہ مسلسل بارش کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں گرنے کے واقعات رونما ہوئے جس سے سڑک گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لیے غیر محفوظ ہو گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹریفک پولیس کے حکام نے بتایا کہ ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے کیونکہ موسلا دھار بارش نے پورے علاقے کو متاثر کیا ہے، متعدد مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں گرنے کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ٹریفک کی معطلی اس وقت سامنے آئی ہے جب شدید بارشوں سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقے متاثر اور سڑک کے رابطے منقطع ہوئے۔ ہائی وے پر مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس وقت تک سفر کرنے سے گریز کریں جب تک موسم کی صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی اور سڑک کو کلیئر اور ٹریفک کے لیے محفوظ قرار نہیں دیا جاتا۔ٹریفک پولیس نے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز پر بھی زور دیا ہے کہ وہ آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہائی وے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں معلومات حا©صل کریں یا سفر سے پہلے متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹس سے رابطہ کریں۔






