حریت رہنما شیخ عبدالمتین کا پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرزکے دفتر کا دورہ
مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، صحافتی آزادیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال

کراچی:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین نے کراچی میں پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرزکے دفتر کا دورہ کیااور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی، انسانی اور ابلاغی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ملاقات میں 5اگست 2019کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ طورپر منسوخی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، صحافتی آزادیوں پر قدغن، اظہارِ رائے پر قدغن ، آبادی کا تناسب بگاڑنے اور کشمیری قیادت کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر شیخ عبدالمتین نے کہا کہ آزاد، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت ہی دنیا تک کشمیری عوام کی حقیقی آواز پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے پاکستانی صحافی برادری، کالم نگاروں اور ڈیجیٹل کری ایٹرز پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، صحافیوں پر عائد پابندیوں اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرز کے عہدیداروں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور حقائق کو عالمی ضمیر تک پہنچانے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ کاوشیں جاری رکھیں گے۔شیخ عبدالمتین نے اس موقع پر چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس مسرت عالم بٹ کی مختصر سوانح حیات پر مشتمل ایک کتابچہ بھی یونین کے عہدیداروں کو پیش کیا۔ملاقات میں پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرز سندھ کے صوبائی صدر اختر ایوب خان، کراچی چیپٹر کے صدر محسن خان راجپوت، جنرل سیکرٹری مصطفی کمال خان اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔







