مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب بین الاقوامی تنازع ہے، حافظ حفیظ الرحمن
حریت رہنماء شیخ عبدالمتین کا یومِ استحصالِ کشمیر پر ایف پی سی سی آئی میں منعقدہ تقریب سے خطاب
گلگت: گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ اور قائدِ حزبِ اختلاف حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب بین الاقوامی تنازع ہے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ہر صورت ملنا چاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے سے ملاقات میں کیا۔ملاقات کے دوران یومِ استحصالِ کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مثر انداز میں اجاگر کرنے کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور سیاسی قیادت ہر مشکل وقت میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔ امتیاز وانی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں حافظ حفیظ الرحمن کی بھرپور شرکت، مقبوضہ جموں وکشمیر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے اظہار، مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور اصولی موقف اختیار کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور بھارتی مظالم کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ملک کفایت اللہ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کیا اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگر کیا۔ حریت رہنماء نے تقریب کے شرکاء کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ کی زندگی پر مبنی کتابچہ پیش کیا۔ تقریب سے فیڈریشن کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، نائب صدر آصف سخی، نائب صدر طارق جدون، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل امجد قریشی اور دیگر نے خطاب کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔







