مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی مقبوضہ جموں و کشمیر کی جامع ترقی کیلئے ضروری ہے: رتن گپتا

جموں:نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر رتن لعل گپتا نے کہا ہے کہ مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی جامع اور پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رتن لعل گپتا نے مقبوضہ کشمیر کی بلاتاخیر ریاستی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے واضح جمہوری مینڈیٹ دیا ہے اور وہ مکمل آئینی اختیارات اور احتساب کے ساتھ حکومت کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ "ریاستی حیثیت کی بحالی میں طویل تاخیر نہ صرف ترقی کی رفتار کو متاثر کر رہی ہے بلکہ کشمیر کے عوام کی جمہوری خواہشات کو بھی مجروح کر رہی ہے۔رتن گپتا نے کہا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی کوئی رعایت نہیں بلکہ موثر حکمرانی کے لیے ایک جمہوری اور آئینی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ "بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کو فوری طور پر پارلیمنٹ میں ریاستی حیثیت کی بحالی کا بل پیش کرنا چاہیے اور جموں و کشمیر کے عوام کو دی گئی یقین دہانی پوری کرنی چاہیے۔ اس سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنی ترقیاتی، معاشی اور روزگار کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک بااختیار اور ذمہ دار منتخب حکومت کی ضرورت ہے۔رتن گپتا نے کہا کہ "ریاستی حیثیت ہی جامع ترقی، جمہوری بااختیاری اور جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی کلید ہے۔”






