بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں مختلف تنظیموں کا یوم آزادی کی تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان
گوہاٹی:بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میںیونائیٹڈ لبریشن آرمی آف آسام (آزاد) سمیت مختلف تنظیموں نے آسام اوردیگرریاستوں میں15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے بائیکاٹ کااعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنظیموں نے 10 اگست کو ایک بیان میں بھارت کے نام نہاد یوم آزادی کی تقریبات کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ خطے میں مقامی کمیونٹیز کو بھارتی قبضے اور نوآبادیاتی حکمرانی کا سامنا ہے۔تنظیموں نے کہا کہ آسام اور ناگا برادری کے لوگوں کی الگ الگ سیاسی شناخت، تاریخ اور ثقافت ہے اوربھارت کا یوم آزادی ان کے آبائی علاقوں میں نہیں منایا جانا چاہیے۔انہوں نے شمال مشرق کے حوالے سے بھارتی حکومت کے نقطہ نظر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یوم آزادی کے پروگراموں کو مقامی برادریوں پرسیاسی جبر کوایک معمول بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تنظیمیںخودمختاری اور آزادی کی بحالی کے عزم پر کاربند رہیں۔یونائیٹڈ لبریشن آرمی آف آسام (آزاد) نے کہا کہ وہ آزادی کی بحالی کے لیے اپنی مسلح جدوجہد جاری رکھے گی۔تاہم تنظیموں نے کہا کہ رواں سال کی کال میں آسام میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہڑتال شامل نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال سیلاب کی تباہ کاریوں میں بچاو¿، امداد، بحالی اور تعمیر نو کی سرگرمیوں میں خلل ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے یوم آزادی سے منسلک پروگراموں اور تقریبات کا بائیکاٹ کریں۔بائیکاٹ کی کال آسام، اروناچل پردیش، منی پور اور ناگالینڈ کے علاقوں تک بڑھا دی گئی۔تنظیموں نے کہاکہ مجوزہ بائیکاٹ بھارتی ریاست کے خلاف اور کمیونٹیزکے درمیان اظہار یکجہتی کے طورپرکیاجائے گا جو اپنی ایک الگ سیاسی اور تاریخی شناخت رکھتی ہیں۔







