مقبوضہ کشمیر: سی آر پی ایف کی 21 مقامات پر فوج کی مدد کیلئے تعیناتی کی تیاریاں
جموں:بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کوغیرقانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے اندرونی علاقوں خصوصا جموں ڈویژن کے ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع میں 21 اسٹریٹیجک مقامات پر بھارتی قابض فوج کی معاونت کیلئے تعینات کیاجارہاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سی آر پی ایف کو جموں خطے میں فوجی گرڈ کی وسیع تر تنظیم نو کے تحت مذکورہ مقامات پر اپنی آپریشنل موجودگی بڑھانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ ان 21 مقامات کو "انتہائی حساس” قرار دیا گیا ہے۔ سی آر پی ایف اس وقت ان حساس علاقوں میں تعیناتی کا جائزہ لے رہی ہے۔مجوزہ توسیع میں سی آر پی ایف کے اسپیشل کمانڈو یونٹ "کوبرا” کو بھی شامل کیا جائے گا۔ منصوبے سے اگاہ ایک فوجی عہدیدارکے مطابق، نو کوبرا ٹیمیوں کو ان مقامات پر تعینات کیاجائے گا جبکہ دیگر نو ٹیمیں سکیورٹی ضروریات کے مطابق تربیت حاصل کریں گی۔ان تعیناتیوں کامقصد کنٹرول لائن پر زیادہ توجہ مرکوز کر ناہے، جہاں بھارتی فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس کی تعیناتی برقرار ہے۔بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کی بھاری نفری مقبوضہ علاقے میں مسلسل تعینات رہے گی، جبکہ سی آر پی ایف منتخب حساس مقامات پر معاونت کرے گی۔








