مسلمانوں کے سینے چاک کردو: بہار میں ہندو توا رہنما کی اشتعال انگیز تقریر
پٹنہ: ریاست بہار میں ہندو توا تنظیم ”وشوا ہندو پریشد(وی ایچ پی) کے ایک رہنما ابھشیک راجا نے مسلمانوں کے خلاف انتہائی زہر افشانی کرتے ہوئے ہندو نوجوانوں سے ان کے سینے چاک کرکے دل کھانے کی اپیل کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ابھشیک راجا کی بہار کے علاقے ڈہری میں ”وی ایچ پی ” کے یوم تاسیس کی تقریب سے اشتعال انگیز تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور اسکی بڑے پیمانے پر مذمت کی جارہی ہے۔ ویڈیو میں راجا کو ہندو نوجوانوں کو مسلمانوں کے سینے چاک کر کے انکے دل کھانے پر اکساتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
ہندو تو ا رہنماء نے اپنی تقریر میں مسلم خواتین کو بھی انتہائی ہرزہ سرائی کا نشانہ بنایا۔ان کے اس اشتعال انگیز بیان کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور صارفین نے لکھا کہ مسلمانوں کے خلاف کھلے عام نفرت اور تشدد کو فروغ دیا جارہا ہے۔کئی صارفین نے لکھا کہ کیا بہار پولیس اور مقامی انتظایہ اس تقریر کے خلاف کوئی کارروائی کرے گی۔ ایک صارف نے ”ایکس” پر اشتعال انگیز تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا”یہی کچھ 2002میں گجرات میں ہواتھا اور اب پورے ملک میں ایسا ماحول پیدا کیا جارہا ہے، ملک کو کسی پارٹی ، رہنما یا مقام کی پرواہ کیے بغیر بچانا ضروری ہے۔
ایک اور صارف نے سوال کیا کہ کیا کھلے عام عوامی پلیٹ فارم سے مسلمانوں کے خلاف ایسی پرتشدد اور غیر انسانی زبان قانون اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے عین مطابق ہے۔ صارف نے حکام کے ردعمل پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے استفسار کیا کہ پولیس اور انتظامیہ اس طرح کی تقریر کے خلاف کب کارروائی کرے گی۔ ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی اشتعال انگیز تقاریر ایک پوری برادری کو شدید خطرے سے دوچار کرنے کا باعث بن سکتی ہیںاور تشدد کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہوسکتا ہے۔KMS-19/M







