World

بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے، عالمی برادری فوری مداخلت کرے:ورلڈ مسلم کانگریس

جنیوا : ورلڈ مسلم کانگریس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ورلڈ مسلم کانگریس کے نمائندے الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 63ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی ریاست مقبوضہ جموں وکشمیر میں سست رفتار سے نسل کشی کررہی ہے تاکہ کشمیریوں کی شناخت، تاریخ اور ثقافت کو مٹایا جاسکے۔ انہوں نے بحران کے ہولناک اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، 10ہزارافرادکو گرفتارکرکے لاپتہ کیاگیااور8ہزارسے زائدافرادکو ماورائے عدالت قتل کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنسی تشدد کو بطور ہتھیار اور تشدد کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کیاجارہا ہے۔الطاف وانی نے کہا کہ یہ تمام مظالم مکمل استثنیٰ کے ساتھ ڈھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کوبھارت کی آئینی دہشت گرد ی سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کی خود مختاری کو ختم کرنے کا مقصد خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور علاقے میں باہر کے لوگوں کو آباد کرناہے جو ہندوتو ایجنڈے کا حصہ ہیں۔انہوں نے نصابی کتب کی تبدیلی اور تاریخ کو مسخ کرنے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر اجنبی بنا دینا ہے۔ انہوں نے بھارتی عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ قانون کی محافظ ہونے کے بجائے بی جے پی حکومت کے مفادات کی خدمت کر رہی ہے۔ الطاف وانی نے بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ خاموشی غیر جانبداری نہیں بلکہ جرم میں شراکت داری ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زوردیاکہ وہ محض بیانات سے آگے بڑھے اور مظالم کو روکنے کے لیے بھارت کا محاسبہ کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button