مشکلات کا مقابلہ ایمان و صبر کے ساتھ کیا جائے، میر واعظ کا نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ پر اپنے یقین اور بھروسے کو مضبوط کریں، مشکل حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں اور اپنے دلوں کو باہمی کدورت، رنجش اور بدگمانی سے پاک رکھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے آج سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی آیت کریمہ (ترجمہ)”ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے“ — کا حوالہ دیتے ہوئے نے کہا کہ حالات خواہ کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں، ایک مومن کو اللہ تعالیٰ کی رحمت، مدد اور حکمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات اور آزمائشیں زندگی کا حصہ ہیں، لیکن ایمان انسان کو مایوسی کے آگے جھکنا نہیں سکھاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے، تمام جائز اسباب اختیار کرنے چاہئیں اور اس کے بعد اپنا بھروسہ اللہ تعالیٰ پر رکھنا چاہیے، کیونکہ وہی مسبب± الاسباب ہے، یعنی وہ ذات جو اسباب پیدا کرتی ہے، ان پر اختیار رکھتی ہے اور ان کے نتائج کو وجود میں لاتی ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پر سچا توکل دل کو قوت اور غیر یقینی حالات میں امید عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہاجب مشکلات ہمیں گھیر لیں اور حل دور نظر آئے تو ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ کوئی بھی صورتحال اللہ تعالیٰ کی قدرت سے باہر نہیں۔ وہ وہاں دروازے کھول سکتا ہے جہاں ہمیں کوئی راستہ دکھائی نہ دے، وہاں اسباب پیدا کر سکتا ہے جہاں بظاہر کوئی سبب موجود نہ ہو ۔







