مقبوضہ جموں و کشمیر

شہباز شریف کی یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کی مذمت

اسلام آباد23مئی (کے ایم ایس)
وزیراعظم شہبازشریف نے ممتاز حریت رہنما محمد یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل ماورائے قانون وانصاف اور انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ بے مثال بہادری و حریت کی علامت اور ضمیر کے قیدی یاسین ملک کے خلاف بھارتی ہتھکنڈہ مسترد کرتے ہیں اور، یہ کشمیریوں کو جھکانے کی ناکام کوشش ہے ۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل ماورائے قانون وانصاف اور انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی وانسانی حقوق کے تمامابین الاقوامی ا داروں اور اوآئی سی کے فورم پر یاسین ملک اورکشمیری قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا مسئلہ کوپوری قوت سے اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ کی طرح یاسین ملک کے خلاف مقدمہ بھی غیرقانونی اور ناجائز ہے ۔ شہباز شریف نے کہاکہ جموں وکشمیر پر ناجائز قابض بھارت کشمیریوں کی نمائندہ حقیقی قیادت کو ختم کرنے کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کی علامت شہید سید علی گیلانی کے جسد خاکی سے ڈرنے والا بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوفزدہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حریت رہنماء اشرف صحرائی شہیداور ان کے شہید صاحبزادے سمیت ہزاروں شہدائے کشمیر تحریک استصواب رائے کے حصول کی منزل کے سنگ ہائے میل ہیں ۔ یہ سب شہداجموں وکشمیر میں غیرقانونی طور پر قابض بھارت کے ظلم وبربریت اور ریاستی دہشت گردی کے ثبوت ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت کے سیاہ قوانین اور عدالتی نظام عدل کے عالمی وفطری تقاضوں کے منافی ہے۔مسلمہ تاریخی حقیقت یہ ہے کہ کسی قوم کو جبر وریاستی دہشت گردی ، سیاہ قوانین اور سزائوں سے غلام نہیں بنایا جاسکتا ، ناجائز حکومت کے سیاہ قوانین سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام کو غلام نہیں بنایا جاسکتا ۔وزیراعظم نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کو ان کی بے مثال جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں ۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر حل کرائے ۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔

دریں اثناء وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے ناروا سلوک کانوٹس لینا چاہیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کی دہشت گردی کے جھوٹے الزامات میں سزا بھارت کی طر ف سے انسانی حقوق کی کھلم کھلا پامالیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلندکرنے والوں کی آوازوں کو خاموش کرانے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مودی حکومت سے جواب دہی ہونی چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button