ہڑتال

مقبوضہ جموں وکشمیر :کل حیدر پورہ کی طرف مارچ کیا جائے

سرینگر 31 اگست (کے ایم ایس) کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے سرکردہ رہنما سید علی گیلانی کو انکی دوسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کل بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے حیدر پورہ کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر دوران نظر بندی انتقال کر گئے تھے جہاں قابض بھارتی انتظامیہ نے انہیں 2010سے مسلسل نظر بند کر رکھا تھا۔
مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جبکہ دیگر تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ ائمہ اور علمائے کرام عظیم حریت قائد اور دیگر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے مساجد میں خصوصی دعائیں کرائیں گے۔ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانے کے لیے احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے بزرگ حریت قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی صداقت ودیانت کا مظہر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ایسے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جو انتہائی جرات ، بے خوفی اور بہادری سے کشمیریوں کے جائز حق کے لیے لڑتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button