مقبوضہ جموں و کشمیر

رمضان المبارک تقوی ، پرہیزگاری اور نیکیوں کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے ، میر واعظ عمر فاروق 

mirwaiz umer

سرینگر :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور میرواعظ کشمیر محمد عمر فاروق نے رمضان المبارک  کو تقوی ، پرہیزگاری اور نیکیوں کے حصول کا بہترین ذریعہ قرار دیاہے ۔ انہوں نے فرزندان اسلام پرزوردیا ہے کہ وہ اس مبارک مہینے کو اللہ کی جانب سے ایک عظیم نعمت متبرکہ جان کر اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ اللہ کے قریب ہونے کی کوشش کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمضان المبارک کے عشرئہ مغفرت اور اس مہینے کے دوسرے جمعہ کو مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ رمضان المبارک جیسا برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہے، اس مہینے میں ایمان وتقوی کی بنیاد پر ہر مو من بندہ اپنے ظرف اور اپنی ہمت کے مطابق اس کی برکتوں اور رحمتوں سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کرے۔انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں تقوی اور پرہیزگاری کے زریں اصولوں کی مفصل تشریح کرتے ہوئے کہا کہ روزہ داری کا مطلب صرف بھوکا اور پیاسا رہنا نہیں بلکہ ہر اس چھوٹے بڑے گناہ سے اجتناب کا مہینہ ہے جس سے ہم کو اللہ کے قریب ہونے کا موقعہ میسر ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ تقوی کا حق یہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالی کے تمام احکامات پر پورا پورا عمل کیا جائے اور اللہ تعالی کی منع کردہ ہر ہر چیز سے اجتناب اور پرہیز کیا جائے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ انسان اپنے رب کا اطاعت گزار ہوگا اس کا نافرمان نہیں ، اس کا ذاکر ہوگا اس کو بھولنے والا نہیں ، اس کا شکرگزار ہوگا ناشکرا نہیں ، وہ ایمان اور توکل کی دولت سے مالا مال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں جہاں روزہ دار کو جھوٹ، بہتان، غیبت، حرام خوری اور دیگر تمام آلودگیوں سے پرہیز کرنا چاہئے وہیں ناداروں اور مفلسوں کی مدد کا بھی اہتمام کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ نیکیوں کا حصول ممکن ہو سکے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button