عوامی مجلس عمل کاغلام نبی میر، محمد شفیع خان کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں عوامی مجلس عمل نے جنوبی کشمیر کے علاقے ڈورو شاہ آباد سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین غلام نبی میر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی،سماجی اور ملی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مرحوم کے فرزند اور سرکردہ صحافی طارق علی میر اور دیگر لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہارکیا اور اللہ تعالی سے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل دعا کی ۔ عوامی مجلس عمل نے سرینگر کے علاقے احمدکدل لال بازار سے تعلق رکھنے والے تنظیم کے ایک کارکن اور میرواعظ خاندان کے ہمدرد محمد شفیع خان کے انتقال پر بھی رنج و غم کا اظہارکیا۔ بیان میں محمد شفیع خان کے فرزندان عاطف خان اور فارس خان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے بلند درجات کی دعا کی گئی۔