لاہور :19جولائی کویومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر عوامی جلسہ اور ریلی منعقد کی جائیگی
حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے رہنمائوں کی خواجہ سعد رفیق سے ملاقات،شرکت کی دعوت
لاہور:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں لاہور میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کی اور انہیں 19جولائی کویومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پرمنعقد کئے جانیوالے عوامی جلسے اور ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر حریت وفد نے خواجہ سعد رفیق کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی حکومت کے جابرانہ اقدامات، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور کشمیری عوام کے استقامت اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ 19جولائی 1947کی پاکستان سے الحاق کی تاریخی قرارداد آج بھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بنیاد ہے ۔حریت وفد نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کے اس ناقابلِ تسخیر عزم کا مظہر ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے ۔حریت قائدین نے کہاکہ اس دن کی مناسبت سے لاہور میں ایک بھرپورعوامی جلسہ اور ریلی منعقد کی جائے گی ۔خواجہ سعد رفیق نے وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دلایاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین ، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد اس تاریخی ریلی اور جلسے میں بھرپور شرکت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا یہ دوٹوک اور اٹل موقف ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد تکمیل پاکستان کا حصہ ہے اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن کشمیری عوام کے شانہ بشانہ ہے۔حریت وفد نے کہا کہ پاکستان کے قومی ،سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقوں کی جانب سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی ان کیلئے باعث تقویت ہے ۔حریت کنوینر غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ 19جولائی کایومِ الحاقِ پاکستان کا پیغام نہ صرف پاکستان کے کونے کونے تک بلکہ عالمی سطح پربھی پہنچایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا حصہ ہے اور اس عہد وفا کوکسی جبر یا طاقت سے ختم نہیں کیاجاسکتا ۔وفد میں شیخ عبدالمتین ، انجینئر مشتاق محمود،زاہد صفی، سیداعجاز رحمانی ، عبدالحمید لون، محمد اشرف ڈار، محمد شبیر ڈار اوردیگر شامل تھے۔
ادھر حریت وفد نے لاہور میں تحریک لبیک کے رہنماء علامہ سعد رضوی سے بھی ملاقات کی اور انہیں یوم الحاق پاکستان کے موقع پر نکالی جانیوالی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔







