”آزادی کی تحریکیں”بھارت کیلئے مسلسل خطرہ
مزاحمتی تحریکوں سے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ
نئی دلی: بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے دعوئوں کے برعکس ”آزادی کی تحریکیں”بھارت کیلئے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے دعوی کیا ہے کہ بھارت میں آزادی پسندی کی تحریکیں تقریبا ختم ہو چکی ہے اور مزاحمت اب کوئی خاطر خواہ حیثیت نہیں رکھتی۔ تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ مزاحمتی تحریکیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ہلاک ہو رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی تسلط کے خلاف مسلح جدوجہد 1990کی دہائی سے جاری ہے۔ اسکے علاوہ کئی بھارتی ریاستوں میں بھی آزادی اور خودمختاری کی تحریکیں شدت اختیار کر رہی ہیں۔1988 سے 2019 کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں 56ہزار سے زائد مزاحمت کے واقعات پیش آئے ۔ان واقعات کے باوجود، بھارت کی مزاحمت کاروں کے خلاف جنگ انسانی جانوں کے بھاری نقصان کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 32 برسوں کے دوران اوسطا ہر چار مزاحمت کاروں کے بدلے بھارت نے ایک فوجی اور دو شہری کھوئے ہیں۔بھارت کو اس کی بھاری قیمت 14ہزار930شہریوں اور 6ہزار413فوجی اہلکاروں کی جانوں کی صورت میں ادا کرنی پڑی۔ بھارتی فوج کایہ دعویٰ حقیقت سے بعید ہے کہ اس دوران بھارت بھر میں 23ہزار386مزاحمت کاروں کو ہلاک کیا گیا حالانکہ ہلاک ہونے والوں میں بہت سے عام شہری بھی شامل تھے ۔بھارتی فورسز عام شہریوں اور مزاحمت کاروں میں فرق نہیں کرتیں اور معمولی شبہ پر کسی بھی شہری کو نشانہ بنا دیتی ہیں ۔ بھارتی فوج کا یہ طرز عمل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بھی باعث بن رہا ہے ۔اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، پنجاب اور تری پورہ جیسی ریاستوں میں ہر سال مزاحمتی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔6 مارچ 2000سے رواں سال22اپریل کے دوران، صرف مقبوضہ کشمیرمیں 12ہزارسے زائدعسکری واقعات میں 4ہزار980بے گناہ جانوں کا ضیاع ہواجبکہ گزشتہ سال مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے نا جائز قبضے کے خلاف مزاحمت کے واقعات میں مجموعی طورپر5افسران سمیت 29بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔رواں سال مقبوضہ کشمیر ، ناگالینڈ اور منی پور میں بھارتی تسلط کے خلاف مزاحمتی تحریکوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ کشمیر میں19بھارتی فوجی مجاہدین کے حملوں میں مارے گئے جبکہ 10مئی کو پاکستان کیساتھ معرکہ حق کے دوران 250بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔








