مقبوضہ کشمیر : بھارتی پولیس کے جماعت اسلامی اور نیشنل فرنٹ کے اراکین کے گھروں پر چھاپے
ضلع پونچھ میں ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے سیاسی اور دینی تنظیموں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے اراکین اور کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مارے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے جھوٹے الزامات کے تحت سرینگر کے مختلف علاقوں میں جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے اراکین کے گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی ۔ اس دوران پولیس نے مکینوںکو ہراساں کیااور بینک اور مکانوں کے اہم کاغذات اور موبائل فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ قبضے میں لے لئے۔ یہ چھاپے بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی پر ان جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی بھارت کی مہم کاحصہ ہیں۔
ادھر بھارتی قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے خلاف اپنی انتقامی کارروائی جاری رکھتے ہوئے ضلع پونچھ میں ایک اور کشمیری محمد اقبال کی جائیدا د ضبط کر لی ہے ۔پولیس نے تین منزلہ زیر تعمیر عمارت کو ضبط کیاہے جس کی مالیت تقریب ایک کروڑ11روپے ہے ۔
واضح رہے کہ مودی کی بھارتی حکومت نے اگست2019میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے آزادی پسند کشمیریوں کی املاک کو ضبط کرنے اور انہیں سرکاری نوکریوں سے برطرف کرنے کی اپنی کارروائی تیز کر دی ہے ۔







