مقبوضہ کشمیر : جے کے ایل ایف لیڈر سمیت 2 کشمیری گرفتار
سرینگر: غیر قانونی طور پربھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے اہلکاروں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما سمیت دو کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر کے علاقے اشبھر نشاط میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران جے کے ایل ایف کے رہنما شفاعت احمد کو گرفتار کرلیا۔سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ شفاعت کو 1989 میں سابق بھارتی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کے اغوا سے متعلق 35سال پرانے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔شفاعت احمد کو گزشتہ تین دہائیوں کے دوران اس مقدمے اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستگی کی وجہ سے دیگر مقدمات میں متعدد بار گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ادھر بھارتی پولیس نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری دکاندار نصیر احمد باباکو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے نصیر کی دکان سے AK-47اور40سے زائد رائونڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔








