امرتسر :بھارتی مظالم کے خلاف ہزاروں سکھوں کی زبردست احتجاجی ریلی

امرتسر:بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر سے تلونڈی صابو تک ہزاروں سکھوں نے بھارتی مظالم کے خلاف زبردست احتجاجی مارچ کیا،جو مختلف شہروں مکھو، فرید کوٹ اور بھٹنڈہ سے گزرتا ہوا تلونڈی صابو پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سکھ مظاہرین دو روز تک سڑکوں پر موجود رہے اور انہوں نے مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ سکھ تنظیموں ”اکالی دل اوروارث پنجاب دے”کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کی قیادت گرفتار سکھ رہنما امریت پال سنگھ کے والد نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں سکھ نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ سکھ لیڈر ترسیم سنگھ نے مودی حکومت سے بھارتی جیلوں میں قید سکھ رہنمائوں کی فوری رہا ئی کا مطالبہ کیا ۔مقررین نے مزیدکہاکہ سکھوں کو زبردستی ہندو بنانے کی کوششیں ناکام ہوں گی اور انہیں منشیات کی لت میں مبتلا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو سکھ مذہب کی تعلیمات کی طرف واپس آنے کی تلقین بھی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ 1947 سے اب تک بھارتی حکومت سکھوں پر ظلم و ستم ڈھا رہی ہے اور سکھ برادری اپنے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ ریلی کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکھ برادری اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گی۔





