بی جے پی اپنا بویا ہوا کاٹ رہی ہے، محبوبہ مفتی

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی برسوں سے مسلمانوں اور سیکولر نظریات کے حامل لوگوں کو غدار قرار دے رہی ہے اور اب وہ اپنا بویاہوا کاٹ رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے مقبوضہ وادی کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہول گاندھی کیطرف سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو غدار قرار دینے کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والوں کا اس بیان پر شور مچانا بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی ہی تھی جس نے سب سے پہلے مسلمانوں اور سیکولر افراد کے خلاف ایسی زبان استعمال کی۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے گھروں کو بلاوجہ بلڈوز کیاجا رہا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ یہ بی جے پی کے اپنے ہی کرتوت ہیں جو اب اسے پریشان کر رہے ہیں۔







