بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ظالمانہ ہتھکندے استعمال کر رہا ہے:حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن کشمیری عوام بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے اور اپنی جدوجہدآزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور ہراساں کیے جانے سے مظلوم کشمیریوں کو ذہنی اذیت اور شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے پرتشدد اور سفاکانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اورانہیں بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اورایس آئی اے کے اہلکار پیراملٹری فورسز کے ساتھ مل کر جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عام شہریوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں اورمکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگوں کے تمام سیاسی اور سماجی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔ ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں نظر بند حریت رہنماﺅں، کارکنوں اور نوجوانوں کو تنازعہ کشمیر پر ان کے دوٹوک موقف کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کشمیری رہنماو¿ں کو قربانی کا بکرابنا رہی ہے۔





