مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا ایک بار پھر پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم، سخت پابندیوں اور مسلسل دبائو کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں میں پاکستان کے لیے محبت اور وابستگی برقرار ہے، جس کا اظہار ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے ذریعے سامنے آیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں ایک کشمیری شہری کو بھارتی جھنڈوں کی موجودگی کے باوجود پاکستانی قومی نغمے بجاتے اور پاکستان کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کو صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے اور اسے کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔مبصرین کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے وقتا فوقتا سامنے آنے والے ایسے پیغامات اس بات کا اظہار ہیں کہ سخت سکیورٹی اقدامات اور سیاسی دبائو کے باوجود کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ جذباتی وابستگی اور محبت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی کے شہری مختلف ذرائع سے اپنی رائے اور احساسات دنیا تک پہنچانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔سوشل میڈیا پر زیر گردش اس ویڈیو نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کے جذبات کو موضوعِ بحث بنا دیا ہے، جبکہ مختلف صارفین اسے کشمیریوں کی شناخت، نظریاتی وابستگی اور سیاسی احساسات کی عکاسی قرار دے رہے ہیں۔وائرل ویڈیو کو بعض حلقے ان عناصر کے لیے بھی ایک واضح پیغام قرار دے رہے ہیں جو آزاد جموں و کشمیر کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق کشمیری عوام کے جذبات اور خواہشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔






