جے پور: نورانی مسجدمسمار کئے جانے پر مسلم تنظیموں کا احتجاج کا اعلان

جے پور :بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں واقع نورانی مسجد کو مسمار کئے جانے پر مسلم تنظیموں اور رہنماؤں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ کارروائی کے پور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سےمالویہ نگر-جگت پورہ 80 فٹ روڈ کوریڈور کے ساتھ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسجد سمیت دیگر تعمیرات سڑک کی توسیع کی راہ میں رکاوٹ تھیں۔تاہم، مسجد کمیٹی کے اراکین اور مقامی مسلمانوں نے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد کے تمام جائز دستاویزات موجود تھے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس جائیداد کا تنازع وقف ٹریبونل میں زیر التوا تھا اور جلد ہی اس پر سماعت ہونی تھی۔مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ یہ مسجد برسوں سے علاقے میں موجود ہے اور قانونی عمل مکمل ہونے سے پہلے مسماری نہیں کی جانی چاہیے تھی۔
مسجد کمیٹی کے ایک نمائندے نے اس کارروائی کو ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ جس انداز میں مسماری کی گئی، اس سے مسلمانوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔مسجد مسمار کئے جانے پر جے پور کی متعدد مسلم تنظیموں نے احتجاج اور عوامی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو احتجاجی مہم ایک بڑی عوامی تحریک میں بدل سکتی ہے۔






