کراچی : حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کا وائس آف سندھ، فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے دفاتر کا دورہ

کراچی : کل جماعتی کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے وفد نے آج وائس آف سندھ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں وائس آف سندھ کے سرپرست اعلیٰ عبدالغنی دادا بھوائے، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر دانیال جیلانی نے وفد کا استقبال کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی کر رہے تھے جبکہ اس میں شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور امتیاز وانی شامل تھے۔ غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد 8 جولائی کو کراچی میں شہید برہان مظفر وانی کے دسویں یومِ شہادت کے موقع پر منعقد ہونے والی عظیم الشان ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف طبقات سے رابطہ اور ان کی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے عبدالغنی دادا بھوائے، ادارے کے ذمہ داران اور پوری ٹیم کو ریلی میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

غلام محمد صفی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستا ن اور مختلف سماجی و قومی اداروں کی مسلسل حمایت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وائس آف سندھ نے ہمیشہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے، نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے، عوامی خدمت اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر عمیر ہارون نے وفد کی آمد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، حریت کانفرنس مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حقیقی اور توانا آواز ہے، جو حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو بھرپور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔ دانیال جیلانی نے کہا کہ نوجوانوں کو کشمیر کاز سے جوڑنا، ان میں شعور بیدار کرنا اور انہیں مثبت قومی سرگرمیوں میں متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، وائس آف سندھ اس مقصد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد نے کراچی میں فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر کا بھی دورہ کیا اور تنظیم کے رہنماوں سے ملاقات کی۔ملاقات میں فلسطین فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے ،قاسم رضا، حیدر زیدی، مختار رضا اور جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ شریک تھے۔ اس موقع پر فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے رہنماوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فاونڈیشن گزشتہ کئی برسوں سے مسئلہ فلسطین کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ ملاقات کے دوران غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیری عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن آزادی کی تحریکوں کو نہ تو فوجی طاقت سے ختم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ظلم و جبر سے دبایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی، مذہبی، سماجی، طلبا، وکلا، تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ 8 جولائی بروز بدھ، شام 5 بجے آرٹس کونسل کراچی سے کراچی پریس کلب تک منعقد ہونے والی شہید برہان وانی شہداکشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کریں






