بڈگام: میر واعظ کا آیت اللہ خامنہ ای شہید کو خراج عقیدت
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای شہید کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے انجمن شرعی شیعیاں کی طرف سے ضلع بڈگام میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میںکہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی زندگی ایمان، جرات، استقامت، اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و وقار کی فکر سے عبارت تھی ، ان کی زندگی دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم پیغام رکھتی ہے کہ ایمان صرف ذاتی عبادت تک محدود نہیں، بلکہ ایمان کا تقاضا یہ بھی ہے کہ انسان انصاف کے لیے کھڑا ہو، انسانی عزت و وقار کا دفاع کرے، مظلوموں کی آواز بنے اور ظلم و ناانصافی کا مقابلہ حکمت اور جرات کے ساتھ کرے۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو سب سے بڑا خراجِ عقیدت مسلم اتحاد کو مضبوط کر کے پیش کیا جا سکتا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ آج جب امتِ مسلمہ تقسیم، اختلافات اور بیرونی دباو کا سامنا کر رہی ہے، ان کا پیغام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ شیعہ اور سنی، مکتب اور رائے کے اختلافات کے باوجود، ایک ہی امت کا حصہ ہیں۔ ہمارا قرآن ایک ہے، ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ ایک ہیں اور ہمارا قبلہ ایک ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ شہید رہبر نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق، عزت ووقار، انصاف اور آزادی کی حمایت کی۔ میرواعظ نے کہا کہ مظلوم قومیں ہر جگہ اتحاد، صبر، اخلاقی قدروں اور اجتماعی عزم سے طاقت حاصل کرتی ہیں۔ تقریب کی صدارت انجمن شرعی شیعیاں کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔






