راجوری :بھارتی فورسز بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن

جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع راجوری میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز بشمول فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر دو مشتبہ افراد کی نقل و حرکت ریکارڈ ہونے کے بعد ضلع کے علاقے تھنہ منڈی کے متعدد دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے ۔ قابض حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ‘مشتبہ عسکریت پسند’مبینہ طور پر اتوار کی شب سڑک عبور کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ میں نظر آئے تھے ۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔راجوری میں، طویل فوجی آپریشن منگل کو مسلسل 53ویں دن بھی جاری رہا ۔فوج نے منجاکوٹ اور سندر بنی کے علاقوں میں ڈرونز،جنگی ہیلی کاپٹروں اور نگرانی کے نظام کے ذریعے کارروائی جاری رکھی ۔
ادھر بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ضلع میں سید پورہ پایان، امشی پورہ، شمسی پورہ، چنا پورہ، گنڈھاڈو اور ملحقہ علاقوں میں بھارتی فوج کا آپریشن مسلسل 11ویں دن بھی جاری ہے ۔







