وزیر اعظم پاکستان کے خطاب سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، ڈی ایف پی
اسلام آباد:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(ڈی ایف پی) نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے اس سے بھارتی قبضے کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کے سب سے اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کی حساسیت، اس کی بین الاقوامی نوعیت اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا آ یاہے، جسے کشمیری عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، کشمیری عوام پر مظالم اور وہاں کی صورتحال کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرا کے ایک اہم ذمہ داری پوری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں سیاسی قیدیوں اور حریت رہنماوں کی طویل حراست، قیدیوں کے بنیادی حقوق کی پامالی، گھروں اور املاک کی ضبطی و مسماری، سیاسی و سماجی سرگرمیوں پر پابندیاں اور عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو عالمی سطح پر مسلسل اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح صحافیوں، وکلا، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور ڈاکٹروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو بھی انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا جانا چاہیے۔
دریں اثنا تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین فیاض حسین جعفری اور پیروان ولایت کے سرپرست مولانا سبت شبیر قمی نے بھی سرینگر میں اپنے بیانات میں جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا نہ صرف ایک اہم فریق ہے بلکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ایک بڑا وکیل بھی ہے ۔ انہوں کہا کہ پاکستان گزشتہ 78برس سے عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جنگ لڑرہا ہے اور انکے احساسات اور جذبات کی بھر پور ترجمانی کر رہا ہے جس پر مقبوضہ علاقے کے عوام اسکے مشکور ہیں۔
فیاض حسین جعفری اور سبت شبیر قمی نے مزید کہا کہ بھارت ایک جارح ریاست ہے جو کشمیریوں کی آواز کو فوجی طاقت کے بل پر کچلنے کی اپنی مذموم پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود حق کے راستے پر قائم و دائم ہیں اور اپنے لاکھوں شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔






