مئی 2025 کی ہزیمت کے بعد بھارت ایک اور مہم جوئی کی تیاریوں میں مصروف: تجزیہ کار
سرینگر: تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی حکومت مئی 2025 کی کشیدگی جیسی ایک اور فوجی مہم جوئی کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی فوج کے سینئر کمانڈروں کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن پر تعینات فوجی دستوں کے دورے بڑھ گئے ہیں۔
بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے 18 اور 19 اکتوبر کو شمالی کشمیر میں راشٹریہ رائفلز کے یونٹوں اور اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ ان دوروں کا مقصد آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور موجودہ صورتحال کا مشاہدہ کرنا تھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فوجی کمانڈر نے مسلسل نگرانی، آپریشنل ہم آہنگی اور ٹیکنالوجی پر مبنی صلاحیتوں میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے آئندہ موسم سرما کے تناظر میں فوجی تیاریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب، بھارتی پولیس نے پلوامہ میں ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ساتھ مل کر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشق کی۔ بظاہر اس مشق کو آفات سے نمٹنے کی تیاری قرار دیا گیا ہے، تاہم مبصرین اسے جنگی ماحول پیدا کرنے اور پاکستان کے خلاف نئی مہم جوئی کی تیاریوں کے وسیع تر تناظر میں دیکھتے ہیں۔
سرینگر سے تعلق رکھنے والے مبصرین کے مطابق، اعلیٰ فوجی حکام کے مسلسل دورے اور اگلے مورچوں پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھارت کی جانب سے ایک اور فالس فلیگ کارروائی کی تیاریوں کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ناکامیوں اور اندرونی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے مئی 2025 میں پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف جارحیت کی تھی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے رافیل سمیت متعدد بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔





