ممبئی کی بستیوں کے مسلم ووٹر انتخابی فہرستوں سے غائب
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے مالوانی اور امبوج واڑی جیسے مسلم اکثریتی علاقوں کے رہائشیوں نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران فارم جمع کرانے کے باوجود فہرستوں سے اپنے نام غائب پائے ہیں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس بوتھ لیول افسر (بی ایل او) کی دستخط شدہ رسیدیں موجود ہیں، جو اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ان کے فارم باقاعدہ طور پر جمع کیے گئے تھے۔ لازمی اندراجی عمل مکمل ہونے کے دعوؤں کے باوجود مالوانی، اولڈ کلیکٹر کمپاؤنڈ، نیو کلیکٹر کمپاؤنڈ اور امبوج واڑی کے رہائشیوں کے نام ’’غیر حاضر‘‘، ’’مستقل طور پر منتقل شدہ‘‘، ’’متوفی‘‘، ’’دوہرا اندراج‘‘ اور ’’نااہل‘‘ جیسی مختلف وجوہات ظاہر کرکے انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیے گئے ہیں۔
یہ صورتِ حال اس بارے میں سنگین سوالات اٹھاتی ہے کہ جمع کرائے گئے فارموں پر کس طرح کارروائی کی گئی اور جن ووٹرز کے نام خارج کیے گئے ہیں، انہیں داد رسی کے لیے کون سے راستے اختیار کرنے چاہییں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں پیشگی نوٹس نہیں دیا گیا
بعض رہائشیوں نے بتایا کہ انہیں نام حذف کیے جانے کے بارے میں کوئی پیشگی نوٹس نہیں ملا اور وہ انتخابی حکام سے وضاحت حاصل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کر رہے ہیں۔
مالوانی کی 46 سالہ رہائشی نورجہاں الیاس نے بتایا کہ انہوں نے اپنا ایس آئی آر فارم جمع کرایا تھا اور بی ایل او سے اس کی رسید بھی حاصل کی تھی، لیکن اس کے باوجود بعد میں جاری ہونے والی انتخابی فہرست میں ان کا نام ’’مستقل طور پر منتقل شدہ‘‘ کے زمرے میں درج کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے نام، پتے یا عمر سے متعلق کسی خامی کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی اور حکام نے ان کی شکایت کا بھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔
رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے ووٹر شناختی کارڈ کی تفصیلات، آدھار کارڈ سے متعلق معلومات، 2002 کی انتخابی فہرست کے حوالے اور اپنے والدین کے ووٹر شناختی ریکارڈ فراہم کیے تھے، لیکن اس کے باوجود ان کے نام مختلف بے بنیاد وجوہات ظاہر کرکے انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیے گئے ہیں۔





