منی پور میں بھارتی فورسز کے اہلکار کی خودکشی
امپھال:شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے ضلع کاکچنگ میں آسام رائفلز کے ایک اہلکار نے خودکشی کر لی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق27سالہ اہلکار کی شناخت چنم نمنڈا سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کی لاش کاکچنگ لامکھائی میں 28سیکٹر آسام رائفلز کے احاطے میں لٹکتی ہوئی پائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔
یہ واقعہ متنازعہ علاقوں میں تعینات بھارتی فوجی اور پیراملٹری اہلکاروں کی خودکشیوں کے مسئلے پر دوبارہ توجہ دلاتا ہے۔ ایسے واقعات کے پیچھے مختلف عوامل کارفرما ہو سکتے ہیں۔ان میں طویل عرصے تک خاندان سے دور رہنا، چھٹیاں نہ ملنا ، اعصابی تنائو ، سخت ڈیوٹی،سینئر افسران کی جانب سے مبینہ ہراسانی اور متنازعہ علاقے میں تعیناتی کی وجہ سے مسلسل خوف اور مالی مشکلات شامل ہیں ۔
مبصرین کے مطابق، منی پور اور مقبوضہ جموں و کشمیر جیسے شورش زدہ علاقوں میں طویل تعیناتی اہلکاروں کی مایوسی بڑھا سکتی ہے۔موثر فلاحی اقدامات اور ذہنی صحت کی سہولتوں کی کمی صورتِحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔







