آسام:بھارتی ریاست آسام کے اضلاع ناگاؤں، ہوجائی اور گولاگھاٹ میں 17 اور 18 اکتوبر کو حکام نے بلڈوزر آپریشن کے ذریعے بنگالی زبان بولنے والے 1,100 سے زائد مسلم خاندانوں کو بے گھر کر دیا۔
یہ کارروائیاں بی جے پی کی حکومت کے دور میں انجام دی گئیں، جس سے اقلیتی برادریوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
کارروائی کے دوران لوتوماری لانگجاپ ریزرو فاریسٹ میں 300 ایکٹر سے زائد رقبے پر 600 سے زیادہ مکانات مسمار کر دیے گئے۔ اس سے ایک روز قبل علاقے سے547 خاندانوں کو بے دخل کیا گیا تھا، جن میں 336 ناگاؤں، 152 ہوجائی اور 59 گولاگھاٹ کے رہائشی شامل تھے۔
اس ظالمانہ کارروائی کے دوران دس مساجد بھی مسمار کر دی گئیں، جن میں سے بعض کئی دہائیوں سے قائم تھیں۔ گھروں کے ساتھ عبادت گاہوں کی مسماری نے مذہبی آزادی، اقلیتی حقوق اور حکومتی اقدامات میں امتیازی سلوک کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دیاہے۔
2016 میں آسام میں بی جے پی کے برسر اقتدارآنے کے بعد سے تقریباً19ہزارخاندانوں کو سرکاری اور جنگل کی اراضی سے بے دخل کیاگیاہے، جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔ ان کارروائیوں میں 2025 کے دوران دھوبری سے 1,400 خاندانوں اور اس سے قبل گولاگھاٹ سے 1,500 خاندانوں کی بے دخلی بھی شامل ہے۔
تجاوزات کے خاتمے کے نام پر جاری ان کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محروم ہو رہے ہیں۔ ناقدین کے مطابق، ایسے اقدامات میں متاثرہ خاندانوں کی آبادکاری، متبادل رہائش اور بنیادی انسانی ضروریات کو مناسب اہمیت نہ دینا ان کی مشکلات میں مزید اضافے کا آؤٹ بن رہاہے۔
بھارت میں ہندو قوم پرست سیاست کے زیرِ اثر مسلم اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے الزامات ایک بار پھر انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویش پیدا کر رہے ہیں۔ جب لوگوں کے گھر بلڈوزروں سے مسمار کیے جاتے ہیں اور خاندان بے سروسامانی کی حالت میں سڑکوں پر آ جاتے ہیں، یہ محض زمین خالی کرانے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ انسانی وقار، مساوات اور بنیادی حقوق کا معاملہ بھی ہے۔
آسام میں جاری بے دخلی کی یہ کارروائیاں ایک بنیادی سوال اٹھاتی ہیں: کیا زمین کے انتظام اور تجاوزات کے خاتمے کے نام پر ہزاروں انسانوں کو گھر، تحفظ اور باعزت زندگی سے محروم کرنا جائز قرار دیا جا سکتا ہے؟ انسانی حقوق کا تقاضا ہے کہ ہر کارروائی قانون، شفافیت، عدم امتیاز اور متاثرہ خاندانوں کے بنیادی حقوق کے احترام کے ساتھ انجام دی جائے۔
آسام میں مسلمانوں کے مکانات بلڈوزروں سے مسمار کئے جانے کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں، ان کارروائیوں نے مسلم برادری کے بنیادی حقوق اور تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔ بھارت میں ہندو قوم پرست سیاست کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے دوران اقلیتوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے واقعات نے مذہبی آزادی، مساوات اور انسانی حقوق کے حوالے سے تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔








