بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ آشوتوش دکشت نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
نئی دہلی: بھارتی ایئر چیف مارشل آشوتوش دکشت نے ہفتے کے روز بھارتی فضائیہ کے 29ویں سربراہ کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی جو ریٹائر ہو گئے ہیں۔
بھارتی فضائیہ میں قیادت کی تبدیلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آپریشن سندور کے بعد فضائیہ صلاحیتوں اور تنظیمی ڈھانچے سے متعلق بڑی تبدیلیوں اور چیلنجز سے گزر رہی ہے۔ نئے سربراہ کو متعدد مسائل کا سامنا ہوگا ۔
ایئر چیف مارشل آشوتوش دکشت نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں اورانہوں نے دسمبر 1986ءمیں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہیں میراج 2000، مگ طیاروں کی مختلف اقسام، جیگوار اور ٹرانسپورٹ طیاروں پر 3,300 گھنٹے سے زیادہ پرواز کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ ایک مستند فلائنگ انسٹرکٹر اور تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ بھی ہیں۔ انہوں نے جیگوار اور مگ 27 طیاروں کی اپ گریڈیشن اور تیجس طیاروں کی ابتدائی آپریشنل صلاحیت (IOC) اور مکمل آپریشنل صلاحیت (FOC) کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ میراج 2000 اسکواڈرن، مغربی سیکٹر میں فارورڈ بیس سپورٹ یونٹ، ایئر فورس اسٹیشن بیدر اور سینٹرل ایئر کمانڈ کی کمان کر چکے ہیں۔ آپریشن سندور کے دوران انہوں نے چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں اور بعد ازاں وائس چیف آف ایئر اسٹاف کے عہدے پر فائز رہے۔
اس سے قبل سبکدوش ہونے والے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے ایئر فورس اسٹیشن نئی دہلی میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور نیشنل وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔







