لداخ انتظامیہ کی سونم وانگچک کی اہلیہ کو لہہ میں قائم اسکول کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت
لہہ:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لداخ خطے میں انتظامیہ نے ماہر تعلیم اور معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کے قائم کردہ ادارے "ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹوز لداخ (HIAL)” کو لہہ میں واقع اپنے ڈیزرٹ فلاور اسکول کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارے نے متعلقہ حکام سے ضروری اجازت اور منظوری حاصل کیے بغیر اسکول کا کام شروع کیا ہے۔تحصیلدار لہہ کی جانب سے جاری نوٹس میں انتظامیہ نے HIAL کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گیتانجلی جے انگمو سے جو وانگچک کی اہلیہ ہیں، کہا ہے کہ وہ اسکول میں کلاسیں شروع کرنے اور دیگر سرگرمیاں چلانے سے گریز کریں کیونکہ ادارے کو زمین الاٹ کرنے کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔
انتظامیہ نے HIAL کو موجودہ صورتحال برقرار رکھنے اور کوئی ایسا قدم نہ اٹھانے کی ہدایت دی ہے جس سے ہائی کورٹ میں زیر سماعت معاملے کی کارروائی متاثر ہو سکتی ہو۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسکول نے متعلقہ حکام کی رضامندی، ضروری اجازت نامے اور منظوری حاصل کیے بغیر اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
نوٹس کے مطابق انگمو نے 22 ستمبر 2026 کو ڈپٹی کمشنر لہہ کو ایک خط لکھا تھا، جس میں لہہ ضلع کے علاقے پھیانگ میں HIAL کے تحت قائم کیے جانے والے ڈیزرٹ فلاور اسکول(Desert Flower School) کی انتظامی کمیٹی کے مجوزہ ارکان کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) یا منظوری طلب کی گئی تھی۔
تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعد میں اس کے علم میں آیا کہ متعلقہ حکام سے منظوری یا اجازت حاصل کیے بغیر ہی اسکول نے کام شروع کر دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہHIAL کے تحت قائم ڈیزرٹ فلاور اسکول نے مجاز اتھارٹی سے ضروری اجازت یا منظوری حاصل کیے بغیر کام شروع کر دیا ہے۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باوجود اسکول کی سرگرمیاں جاری رکھنے سے عدالتی کارروائی متاثر ہو سکتی ہے۔ نوٹس میں HIAL کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے یا مزید ہدایات آنے تک اسکول کو چلانے یا اس کی سرگرمیاں شروع کرنے کے سلسلے میں کوئی بھی قدم نہ اٹھایا جائے۔
انتظامیہ نے انگمو سے کہا ہے کہ وہ معاملے میں موجودہ صورتحال کو برقرار رکھیں اور ایسے کسی اقدام سے گریز کریں جسے عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش سمجھا جا سکتا ہو۔
یہ پیش رفت لداخ انتظامیہ اور HIAL کے درمیان ادارے کو زمین الاٹ کرنے کے معاملے پر جاری قانونی تنازعے کے دوران سامنے آئی ہے۔ انتظامیہ نے اگست 2025 میں HIAL کو زمین کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی تھی۔ اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے HIAL نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس سلسلے میں دائر رِٹ پٹیشن ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
واضح رہے جب سے سونم وانگچک نے لداخ کے حقوق کے لئے اپنی آواز بلند کرنا شروع کی اوربی جے پی حکومت کے خلاف احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت کی، مودی حکومت نے انہیں اوران کے زیر نگرانی اداروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔







