اڈانی گروپ اور اوپ انڈیا دوسرے سال بھی”آزادی صحافت دبانے والوں“ کی فہرست میں شامل
بھارت آزادی صحافت کی درجہ بندی میں 180 ممالک میں 157ویں نمبر پر
پیرس: صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز وِدآو¿ٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے بھارت کے اڈانی گروپ اور ہندوتوا نظریے کے حامل میڈیا ادارے ”اوپ انڈیا“ کومسلسل دوسرے سال ”آزادی صحافت دبانے والوں“ کی فہرست میں شامل کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنظیم کاکہنا ہے کہ یہ دونوں صحافیوں کو ہراساںکرنے اور آزاد میڈیا کو کمزور کرنے کے لیے قانونی کارروائیوں اور ڈیجیٹل حملوں کا سہارا لے رہے ہیں۔آر ایس ایف نے صحافیوں کے خلاف جرائم میں استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن یعنی 2نومبرسے قبل اپنی 2026ءکی فہرست جاری کی جس میں دنیا بھر کے 33 افراد اور اداروں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر مختلف طریقوں سے آزادی صحافت کو دبانے کا الزام ہے۔
اڈانی گروپ کو ”قانونی“ زمرے میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ وہ ہتکِ عزت کے مقدمات اور دیگر قانونی کارروائیوں کے ذریعے صحافیوں کو عدالتی ہراسانی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ آر ایس ایف نے کہا کہ اس بڑے کاروباری گروپ اور اس کے ذیلی اداروں نے 2017ءسے اب تک 15 سے زائد صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف تقریباً 10 قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ تنظیم نے اس عمل کو تنقیدی رپورٹنگ دبانے کے لیے ”زبان بندی کے مقدمات“ کا منظم استعمال قراردیا۔
تنظیم نے بھارت میں اڈانی گروپ اور اس کے ذیلی اداروں سے متعلق رپورٹنگ کرنے پر صحافیوں کے خلاف جاری 11 دیوانی اور فوجداری مقدمات کا حوالہ بھی دیا۔ اس کے علاوہ ستمبر میں تحقیقاتی صحافی روی نائر کی گرفتاری اور ایک فوجداری ہتکِ عزت کے مقدمے میں ایک ہفتے تک حراست کو بھی نمایاں کیا۔ نائر کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا، تاہم گروپ سے متعلق ان کی رپورٹنگ اور سوشل میڈیا پوسٹس پر انہیں ہتکِ عزت کے تین مقدمات کا سامنا ہے۔
آر ایس ایف نے کہا کہ اڈانی گروپ ان کاروباری اداروں میں شامل ہے جو صحافیوں کو خوفزدہ کرنے اور تنقیدی رپورٹنگ میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے قانونی کارروائیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات آزاد صحافت کے لیے خطرہ ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے گوتم اڈانی اور اڈانی گروپ کے ساتھ قریبی اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات ہیں۔ ناقدین بارہا کہہ چکے ہیں کہ مودی حکومت کے دور میں اس کاروباری شخصیت اور اس کے گروپ کو سیاسی اور معاشی سطح پر خصوصی مراعات حاصل رہی ہیں۔
دوسری جانب اوپ انڈیا کو ”سماجی“ زمرے میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ یہ آن لائن حملوں اور جھوٹی خبروں کے ذریعے صحافیوں کی کردار کشی اور آزاد میڈیا کے بارے میں عوامی عدم اعتماد کو فروغ دے رہا ہے۔
آر ایس ایف نے ہندوتوا نظریے کے حامل اس میڈیا ادارے کو تنقیدی صحافیوں کو نشانہ بنانے والی مہمات کا ایک اہم کردار قرار دیا۔ تنظیم کے مطابق یہ ادارہ معمول کے مطابق آزاد میڈیا کو ”لبرل میڈیا کارٹیل“ کا حصہ قرار دیتا ہے اور صحافیوں کو ”پروپیگنڈا کرنے والے“، ”سوروس نیٹ ورک“ کے ارکان یا ”بھارت مخالف لابی“ کا حصہ قرار دیتا ہے۔
آر ایس ایف کے مطابق اوپ انڈیا نے اپریل اور مئی 2026ءکے دوران 47 دنوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف 1,674 پوسٹس شیئر کیں۔ تنظیم نے کہا کہ اس کی اشاعتوں کے نتیجے میں اکثر نشانہ بنائے گئے صحافیوں کے خلاف آن لائن ہراسانی کی مہمات شروع ہوئیں۔
آر ایس ایف نے ناروے کے اخبار ڈاگس آویسن سے وابستہ صحافی ہیلے لِنگ کا معاملہ بھی پیش کیا جنہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اوسلو کے دورے کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ آر ایس ایف کے مطابق مئی میں اوپ انڈیا نے انہیں ”چینی پروپیگنڈا ایجنٹ“ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ”جانبدارانہ سوالات“ کیے تھے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس پروفائل نے ان کے خلاف بڑے پیمانے پر آن لائن نفرت انگیز مہم کو ہوا دی۔
آزادی صحافت کے لیے کام کرنے والے ادارے نے بتایا کہ 2023ءسے 2025ءکے دوران اوپ انڈیا پر صحافیوں کو نشانہ بنانے والے 300 سے زائد مضامین شائع ہوئے، جن میں سے کئی نے آن لائن ہراسانی کی مہمات کو فروغ دیا۔ ادارے کی جانب سے اکثر نشانہ بنائے جانے والے صحافیوں میں راج دیپ سرڈیسائی، عارفہ خانم شیروانی، محمد زبیر، مہیش لانگا، رویش کمار، رعنا ایوب اور پربیر پ±رکایستھا شامل ہیں۔
آر ایس ایف کی ادارتی ڈائریکٹر اینی بوکاندے نے اوپ انڈیا کو بھارت میں صحافیوں کو منظم انداز میں ہراساں کرنے کے عمل کا ایک مرکزی حصہ قرار دیا اور بھارتی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کی اشاعتوں سے منسلک سائبر ہراسانی کی مہمات کی تحقیقات کریں۔
صحافیوں کی عالمی تنظیم نے کہا کہ اس کی ”آزادی صحافت دبانے والوں“ کی فہرست میں ایسے افراد اور اداروں کو نمایاں کیا جاتا ہے جو سیاسی، سیکیورٹی، معاشی، قانونی اور سماجی ذرائع سے صحافیوں پر حملوں کے ذمہ دار ہیں۔
آر ایس ایف کی 2026ءکی آزادی صحافت کی عالمی درجہ بندی میں بھارت 180 ممالک میں 157ویں نمبر پر رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں چھ درجے تنزلی ظاہر کرتا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ درجہ بندی آزاد صحافت کے لیے ماحول میں مسلسل بگاڑ کی عکاسی کرتی ہے۔








