بھارت

بھارت : منی پور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت 4 افراد ہلاک

منی پور: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور کے ضلع ا±کھرول میں مسلح افرادنے دو گاڑیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ امپھال-دیماپور شاہراہ پر نیو ہیون کے علاقے میں پیش آیا ۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں چار افراد کی جان گئی ہے۔ حملے کا نشانہ بننے والی دونوں گاڑیوں میں سوار دو مرد اور دو خواتین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ناگا برادری سے تھا۔
منی پور پولیس کے مطابق 13 نومبر کو تقریباً ایک بجے دن نامعلوم مسلح افراد نے این ایچ 202 پر دونوں گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد سینئر پولیس افسران کی قیادت میں بھارتی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس ملوث افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ واقعہ منی پور میں بڑھتی ہوئی نسلی اور علاقائی کشیدگی کے درمیان پیش آیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل ضلع کانگ پوکپی میں دو حریف مسلح گروہوں کے درمیان فائرنگ کے دوران ایک 42 سالہ کوکی خاتون کم نینینگ چونگلوی ہلاک جبکہ دو مرد زخمی ہوئے تھے۔کوکی تنظیموں کاکہناہے کہ خاتون کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ دھان کے کھیت میں کام کر رہی تھی۔
خاتون کے قتل کے خلاف قبائلی تنظیم کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی (سی او ٹی یو) نے 48 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ ہڑتال کے باعث جمعہ کو کانگ پوکپی ضلع میں معمولات زندگی جزوی طور پر متاثر رہے۔دکانیں، بازار اور تجارتی ادارے بند رہے، جبکہ بیشتر مسافر گاڑیاں اور آٹو رکشے سڑکوں سے غائب رہے۔ تاہم تعلیمی اداروں، طبی مراکز اور ہنگامی خدمات کو ہڑتال سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔ سی او ٹی یو نے ضلع کے پہاڑی علاقوں سے بھارتی فورسز کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے، خصوصاً ان فورسز کو جو ضلع سیناپتی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ماتحت کام کر رہی ہیں۔
منی پور میں مئی 2023 میں میتی اور کوکی برادریوں کے درمیان شروع ہونے والے نسلی تشدد میں اب تک کم از کم 306 افراد ہلاک اور 49 لاپتہ ہوچکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ رواں سال فروری سے اب تک ریاست کے پہاڑی اضلاع میں کوکی اور ناگا برادریوں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 50 افراد کی جان جاچکی ہے۔ تازہ واقعات نے ریاست میں امن و امان کی صورت حال پر ایک بار پھر تشویش بڑھا دی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button