سینئر افسر کو قتل کی دھمکیاں دینے پرسی آر پی ایف اہلکار برطرف
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار کو سوشل میڈیا پر اپنے سینئر افسر کو قتل کی دھمکیاں دینے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برطرف کیے گئے اہلکار کی شناخت آسام سے تعلق رکھنے والے پنک ناتھ کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع ڈوڈہ میں سی آر پی ایف کی 33ویں بٹالین کی الفا کمپنی میں تعینات تھا۔ اس نے حال ہی میں فورس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
حکام کے مطابق پنک ناتھ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں اس نے اپنی کمپنی کے کمانڈر کو گولی مارنے اور اس کے بعد خودکشی کرنے کی دھمکی دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو سی آر پی ایف کی سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیم کی نظر سے گزری۔ ویڈیو میں 29 ستمبر کو ضلع کٹھوعہ میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیا گیا تھا جہاں ایک اہلکار کی جانب سے کیمپ کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں سی آئی ایس ایف کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد سی آر پی ایف نے معاملے کی اندرونی تحقیقات شروع کر دی۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پنک ناتھ کو سینٹرل سول سروسز رولز 1965 کے تحت ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔




