بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری کیس ، بھارتی سپریم کورٹ کا دومجرموں کی رہائی کا حکم
نئی دہلی:بھارتی سپریم کورٹ نے گجرات فسادات کے دوران مسلم خاتون بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل میں ملوث مزید دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کر دیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مارچ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران اس وقت 21سالہ بلقیس بانو پانچ ماہ کی حاملہ تھیں اور فسادات سے بچنے کے لئے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ محفوظ مقام کی تلاش میں جارہی تھیں۔ اسی دوران ضلع داہود میں ہندوئوں نے انکی اجتماعی عصمت دری کی اور ان کے خاندان کے سات افراد کو قتل کردیا ، جن میں ان کی تین سالہ کمسن بیٹی بھی شامل تھی۔
سپریم کورٹ نے مقدمہ میں سناتے ہوئے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کردی اور انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عظمی نے یہ حکم دونوں مجرموں کی جانب سے 17سال سے زائد عرصہ جیل میں گزارنے اور اپیلوں میں بعض قانونی و واقعاتی پہلوئوں پر غور کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایک مرتبہ پھر بلقیس بانو کیس ملک بھر میں موضوع بحث بن گیا ہے۔سپریم کورٹ کے جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے 28اکتوبر کومجرموں کی رہائی کا دیا تھا، جو اب عدالت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہونے کے بعد منظر عام پر آیا ہے۔ ضمانت حاصل کرنے والے مجرموں میں بپن چندر کنہیا لال جوشی اور پردیپ رامان لال مودھیا شامل ہیں ۔
عدالت میں سماعت کے دوران مجرموں کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ لتھڑا نے موقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمین 17 سال سے زیادہ عرصہ جیل میں گزار چکے ہیں۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجا ٹھاکرے نے ضمانت کی درخواستوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سنگین نوعیت کا جرم ہے اور ٹرائل کورٹ کے ساتھ بمبئی ہائی کورٹ بھی دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں مجرموں کو عمر قید کی سزا برقرار رکھ چکی ہے۔ تاہم سپریم کورٹ نے اپیلوں میں زیر غور قانونی اور واقعاتی نکات، طویل قید اور ایک مجرم کی جسمانی معذوری کو ملحوظ رکھتے ہوئے دونوں کو ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ عدالت نے 2008میں اس مقدمہ میں 11افراد کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بعد ازاں اگست 2022میں گجرات حکومت نے ان تمام 11مجرموں کی سزا میں رعایت دیتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کردیا تھا۔ بلقیس بانو نے مجرموں کی قبل از وقت رہائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھااور 8جنوری 2024کو سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی جانب سے دی گئی رہائی کی رعایت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا تھااورتمام 11 مجرموں کو دو ہفتوں کے اندر جیل حکام کے حوالے ہونے کی ہدایت دی تھی۔اب اسی مقدمہ کے دو مجرموں کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دیئے جانے کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ معاملہ سیاسی، سماجی اور قانونی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ تاہم دونوں مجرموں کی اصل سزا کے خلاف اپیلوں پر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔






