مقبوضہ کشمیر :38سال کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں 939بچے شہیدہوئے : کے ایم ایس رپورٹ
عالمی یوم اطفال: بھارتی فوجی کارروائیوں، گرفتاریوں اور پابندیوں نے کشمیری بچوں کا بچپن چھین لیا
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی قابض فورسز نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ 38سال میں 939بچوں کو شہید کیا جبکہ ہزاروں بچے زخمی،عمر بھر کیلئے معذور، یتیم اور نفسیاتی صدمات کا شکار ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے عالمی یوم اطفال کے موقع پر جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی تسلط اورانسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں نے کشمیری بچوں کا بڑی حد تک شدید متاثر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 1989سے 20نومبر 2026تک بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس، بارڈر سکیورٹی فورس، اسپیشل آپریشن گروپ اور پولیس اہلکاروں نے مجموعی طور پر 96ہزار517کشمیریوں کو شہید کیا،جن میں 939بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ہر شہید بچے کے پیچھے ایک غمزدہ خاندان، تباہ شدہ بچپن ،مواقع ، تحفظ اور محرومیوں سے بھرا مستقبل ہے۔ کشمیری بچے تعلیم اور کھیل کود کے بجائے خوف، تشدد اور غیر یقینی صورتحال میں پروان چڑھ رہے ہیں۔
عالمی یومِ اطفال، جو ہر سال 20نومبر کو منایا جاتا ہے، بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود کی جانب بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کا موقع فراہم کرتا ہے؛ خاص طور پر ان بچوں کے لیے جو تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں رہ رہے ہیں۔ کشمیری بچوں کی صورتحال خصوصی توجہ کی متقاضی ہے، جس کی وجہ تنازعہ کشمیر کے دیرپا اثرات اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پیلٹ گن، گولیوں اور آنسو گیس کے استعمال سے سینکڑوں بچے شدید زخمی ہوئے۔ ان میں سے کئی مستقل یا جزوی طور پر بینائی سے محروم ہو گئے۔پیلٹ گن سے متاثرہ بچوں میں 19ماہ کی حبہ جان، 4 سالہ زہرہ مجید، 8 سالہ آصف رشید، 8 سالہ اویس احمد،10 سالہ آصف احمد شیخ اور 13 سالہ میر عرفات شامل ہیں۔رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ اس طرح کی چوٹوں کے جسمانی اثرات ابتدائی واقعے سے کہیں آگے تک جاتے ہیں، جو بچوں کی تعلیم، سماجی نشوونما، خود مختاری اور مستقبل میں روزگار کے مواقع کو متاثر کرتے ہیں۔لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے بچے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ، گولہ باری اور کشیدگی سے جڑے خطرات کا بھی سامنا کرتے ہیں، جس سے ان کی روزمرہ کی زندگی انتہائی غیر یقینی ہو جاتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ان زخموں نے بچوں کی تعلیم، سماجی زندگی اور مستقبل کے روزگار کے امکانات کو بھی متاثر کیا ہے۔ انسانی حقوقِ کی تنظیموں اور مقامی نگرانی کرنے والے گروپوں نے، خاص طور پر احتجاجی مظاہروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کی طرف سے گولیوں، پیلیٹ گنز، آنسو گیس اور دیگر ہتھیاروں کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کے ایم ایس رپورٹ کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں بڑی تعداد میں نہتے کشمیریوں کی شہادتوں کی وجہ سے کم از کم ایک لاکھ8ہزار سے زائدبچے یتیم ہو چکے ہیں، جن کے اہلخانہ مسلسل انصاف کے منتظرہیں ۔
رپورٹ میں الجزیرہ کی ایک تحقیق کا حوالہ بھی دیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں موجود تقریبا دو لاکھ یتیم بچوں میں سے 37فیصد نے تنازعے کے باعث اپنے والدین کو کھودیاہے۔رپورٹ کے مطابق والدین کے قتل ، گرفتاری اور جبری گمشدگی نے ہزاروں بچوں کو شدید ذہنی اور معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان میں سے بہت سے بچوں کی تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بڑی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتیوں، محاصروں اور تلاشی کارروائیوں، چھاپوں اور گرفتاریوں کے ماحول نے کشمیری بچوں کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔بہت سے بچوں نے اپنے عزیزوں کے قتل اور زخمی ہونے کے واقعات اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں۔ ایسے تجربات بچوں میں خوف، اضطراب، ڈپریشن،بے خوابی اور تعلیمی توجہ میں کمی کا سبب بن رہے ہیں۔
رپورٹ میں اگست 2019کے بعدسے بھارتی اقدامات اور مواصلاتی پابندیوں کے نتیجے میں ہزاروں کشمیریوں کی گرفتاریوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ فوجیوں کی طرف سے گرفتارکئے جانے والوں میں اسکول جانے والے بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں کشمیری خواتین رہنمائوں آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی طویل قید نے ان کے بچوں اور خاندانوں کو شدید جذباتی مشکلات سے دوچار کیا ہے۔رپورٹ میں کولگام میں 16نومبر 2026کو شہری عمر نثار ڈار کے جعلی مقابلے میں قتل کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ جو اپنے پیچھے دو بچے چھوڑ گئے ہیں۔
کے ایم ایس رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے 2019کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں سینکڑوں تعلیمی ادارے بند یا انہیں ممنوع قرار دے دیاہے ۔ ان میں فلاحِ عام ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے اسکول بھی شامل ہیں۔ اگست 2019کی مواصلاتی بندشوں اور انٹرنیٹ پابندیوں نے کشمیری بچوں کی تعلیم کو شدید متاثر کیا۔ بالخصوص دیہی اور غریب خاندانوں کے بچے کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کے باعث آن لائن تعلیم سے محروم رہے۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھی جون 2023کی اپنی رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ بندش کے باعث بچوں کو ہونے والے تعلیمی نقصانات کی نشاندہی کی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش اور غیر یقینی صورتحال نے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے مواقع محدود کر دیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں پابندیوں اور بدامنی کے باعث بچوں کو علاج معالجے، تعلیم، غذائیت اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔خصوصی علاج کے ضرورت مند بچے، معذور بچے، یتیم اور خاندانوں سے بچھڑے ہوئے بچے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی 2025کی بچوں اور مسلح تنازعات سے متعلق سالانہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 2024 میں تنازعات کے دوران بچوں کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں کے 41ہزار370واقعات کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان سے 22ہزار495بچے متاثر ہوئے، جو 2023 کے مقابلے میں 25فیصد زیادہ تھے۔
رپورٹ میں اقوام متحدہ، یونیسیف اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیری بچوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں۔رپورٹ میں بچوں کے خلاف مبینہ خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات، ذمہ داروں کے احتساب اور متاثرہ بچوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات پر بھی زور دیا گیاہے۔رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کو انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ مقبوضہ علاقے میں بچے تشدد، بلا جواز گرفتاریوں ، امتیازی سلوک اور بنیادی حقوق سے محرومی سے محفوظ رہیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر اور بھارتی تسلط کی وجہ سے کشمیری بچوں کی مشکلات کا نوٹس لیں۔انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور تنازعے کے انسانی اثرات کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ہر کشمیری بچے کو خوف سے آزاد زندگی، معیاری تعلیم، خاندانی تحفظ اور باوقار مستقبل کا حق حاصل ہے۔ عالمی برادری کو کشمیری بچوں کی مشکلات نظرانداز نہیں کرنی چاہئیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا عالمی ذمہ داری ہے۔KMS-Y







