بھارت ذلت آمیز شکست کے بعد پاکستان کیخلاف اپنی سفارتی مہم میں بھی ناکام رہا ہے، بلاول بھٹو

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت میدان جنگ میں ذلت آمیز شکست سے دوچار ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف اپنی سفارتی مہم میں بھی ناکام رہا ہے جب کہ اسلام آباد کے بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بلاول بھٹو نے ان خیالات کا اظہار کامیاب سفارتی دورے سے واپسی کے بعد کراچی میں پارٹی کارکنوں اور حامیوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد نے نیویارک، واشنگٹن ڈی سی، لندن اور برسلز کے دوروں کے دوران کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا موقف موثر انداز میں عالمی برادری تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد بین الاقوامی حمایت حاصل کرنا تھا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا جس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا سب سے اہم اور دیرینہ مسئلہ ہے، پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا، جنگ سے پہلے بھارت کا دعویٰ تھا کہ کشمیر دوطرفہ معاملہ ہے، آج یہ دعویٰ بے نقاب ہو رہا ہے۔ کشمیر اب اندرونی مسئلہ نہیں رہا بلکہ اب یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔ پی پی پی چیئرمین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دریائے سندھ کے بہاو¿ کو روکنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے کسی بھی اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔







