ایران پر امریکی ، اسرائیلی جارحیت کیخلاف بھارتی شہروں میں مظاہرے
نئی دلی:
ایران پر اسرائیلی ، امریکی جاحیت اور ملک کے سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ حکام کے قتل کے خلاف بھارت کے مختلف علاقوں میں شدید مظاہرے کیے گئے اور لوگوںنے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دارلحکومت نئی دہلی، اتر پردیش، پنجاب، بہار، کرناٹک، جھارکھنڈ تلنگانہ اور دیگر شہروں میں مظاہرین نے شہید آیت اللہ خامنہ ای کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے ۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو میں، سینکڑوں لوگ امامبارگاہ کے قریب جمع ہوئے اور سخت اختتاج کیا اور نعرے لگائے ۔ مظاہرین میں خواتین بھی شامل تھیں اور شہید رہنما کی تصاویر تھامے رو رہیں تھیں۔
آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا یعسوب عباس نے اعلان کیا کہ کل پیر کو احتجاج کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے پتلے جلائے جائیں گے۔عباس نے مزید کہا کہ شیعہ برادری نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران لوگ سیاہ لباس پہنیں گے، اپنے گھروں پر سیاہ پرچم لہرائیں گے اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں گے۔پنجاب کے شہر لدھیانہ میں بھی احتجاج کیا گیا اور امریکی ، اسرائیلی حکام کے پتلے نذر آتش کیے گئے۔احتجاج کی قیادت کرنے والے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے خامنہ ای کو ایک عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے ایسے چیلنجز کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔






