مقبوضہ جموں و کشمیر:پی ڈی پی کا رمضان کے مقدس مہینے میں شراب کی دکانیں بند کرنے کا مطالبہ

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران شراب کی دکانیں بند کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے رہنما زہیب یوسف میر نے ایک بیان میں کہاکہ اگر کاشی اور متھورا جیسے شہروں میں نوراتری کے موقع پر اکثریت کے جذبات کا احترام کرنے کے لیے گوشت کی دکانیںبند کی جا سکتی ہیں، تو مذہبی حساسیت کے اسی اصول کو مسلم اکثریتی خطے جموں وکشمیر میں کیوں نہیں اپنایاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ہم دیکھتے ہیں کہ تاریخی اور مذہبی اہمیت کے حامل مقامات پر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اقدامات کیے جاتے ہیں کہ اکثریتی برادری بغیر کسی تکلیف کے اپنے عقیدے پر عمل کر سکے۔کیا ہم جموں و کشمیر میں یکساں بنیادی احترام کا مطالبہ نہیں کر سکتے؟پی ڈی پی لیڈر نے انتظامیہ سے رمضان کے دوران سرکاری ملازمین کے کام کے اوقات کو معقول بنانے پر بھی زور دیاجس طرح بھارتی ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں پہلے سے نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منتخب حکومت ایسے اقدامات نہ صرف کرسکتی ہے بلکہ ایک سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے یہ اس کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ زہیب میرنے کہاکہ ان چھوٹی لیکن اہم تبدیلیوں کو نافذ کرکے، ہم جموں و کشمیر میں شمولیت اور مساوات کی ایک مثال قائم کر سکتے ہیں۔






