بھارت نے جنگی جنون جاری رکھتے ہوئے دفاعی بجٹ میں 13فیصد اضافہ کر دیا
اسلام آباد 02فروری (کے ایم ایس)
بھارت نے اپنا جنگی جنون اور خطے میں بالادستی کے عزائم جاری رکھتے دفاعی بجٹ میں 13 فیصد کا اضافہ کردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے بدھ کو مالی سال 2023-24کا بجٹ پیش کیا ہے جس کا مجموعی حجم 45لاکھ کروڑ روپے ہے ۔ بھارت نے پاکستان اور چین کے ساتھ سرحدی تنازعات اور جھڑپوں سے نمٹنے اور اپنی فوج کو جدید اسلحے اور ہتھیاروں سے لیس کرنے کے لیے سالانہ دفاعی بجٹ میں 13فیصد کا اضافہ کیا ہے۔بھارت کے چین اور پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات ایک عرصے سے جاری ہیں اور 2020میں لداخ میں چین کے ساتھ تنازعے کے بعد سے اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارت اس وقت دنیا میں اپنی فوج پر سب سے زیادہ رقم خرچ کرنے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہے اور اب بجٹ میں 13فیصد اضافے کے بعد مجموعی طور پر 73ارب ڈالر خرچ کرے گا۔