مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر کی ہائی کورٹ نے پانچ کشمیریوں کی نظربندی کالعدم قراردے دی
سرینگر16اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت پانچ کشمیریوں کی نظربندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طورپررہا کرنے کے احکامات جاری کئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس سنجے دھر اور جسٹس ایم اے چودھری پر مشتمل بنچ نے کئی سماعتوں میں وکلاء کے دلائل سن کر عبید نذیر صوفی ، آصف احمد لون، بلال احمد ڈار، مظفر احمد راتھر اور بلال احمد لون کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا۔ عدالت نے رہائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکام کا یہ خدشہ کہ مذکورہ افراد کے آزادرہنے سے امن عامہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ان کو نظربند رکھنے کی بنیاد نہیں بن سکتا۔