بدترین مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد دلیری اور ثابت قدمی کی شاندار مثال ہے: نائب وزیر اعظم

اسلام آباد:نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی، کالے قوانین کا نفاذ، غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل جاری کر کے آبادیاتی ڈھانچے میں تبدیلی اور کشمیری قیادت کو قید و بند میں رکھنا اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اسحق ڈار نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ بدترین پابندیوں اور چیلنجز کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد دلیری، وقار اور ثابت قدمی کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر 1947وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی فوج نے سرینگر میں داخل ہو کر جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ گزشتہ 78برسوں سے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے عوام بھارتی قابض افواج کے ظلم، جبر اور استبداد کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں واضح طور پر طے کیا تھا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا لیکن بھارت نے ان قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے طاقت اور جبر کے بل پر تسلط قائم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان قراردادوں کی حرمت اور مرکزیت کا پابند رہا ہے اور عالمی برادری پر مسلسل زور دیتا آیا ہے تاکہ اس دیرینہ تنازعہ کا منصفانہ اور مستقل حل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔انہوں نے پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی حکام کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کریک ڈائون، بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں، پوچھ گچھ اور گھروں کو مسمار کرنے جیسے اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی ان پامالیوں کو اقوام متحدہ کے ادارے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھی دستاویزی شکل دے چکی ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بدترین پابندیوں اور چیلنجز کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد دلیری، وقار اور ثابت قدمی کی شاندار مثال ہے اور ان کا عزم حقِ خودارادیت کے حصول کی مسلسل یاد دہانی ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پیغام میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں سے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور یہ تنازعہ بلاتاخیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا لازم ہے۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی تکالیف کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر بین الاقوامی فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔






