اسلام آباد:حریت کنوینر غلام محمد صفی سے امن کے سفیر محمد طاہر تبسم کی ملاقات
مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد:ایمبیسڈر آف پیس کے بانی صدر محمد طاہر تبسم نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ انسانی،سیاسی اور سفارتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد طاہر تبسم نے اس موقع پر کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی آواز کوقومی اور بین الاقو امی فورموں پر موثر طورپر اجاگر کر رہی ہے اور ایک مضبوط سفارتی بیانیہ بنا رہی ہے ، جس کا سہرا غلام محمد صفی اور پوری حریت قیادت کے سر ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی اپنی جدوجہد آزادی کو اصولی بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے حریت قیادت کا کردار تاریخی نوعیت کا ہے اور آج مسئلہ کشمیر ایک بار پھر مرکز نگاہ بن گیاہے۔طاہر تبسم نے کہاکہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے اور جب تک یہ حق انہیں نہیں دیا جاتا، تحریک آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اورپائیدار حل کے لیے عالمی برادری کو اپنا فعال اور غیر جانبدار کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام قائم ہو سکے۔ حریت کنونیر غلام محمد صفی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منظم اور توانا بنانے کے لئے ہمیں متحد ہوکر ہر محاذ پر یکسوئی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ طاہر تبسم نے اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد کے صاحبزادے کی المناک وفات پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحوم کی بلندی درجاری اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ملاقات میں سینئر حریت رہنما الطاف حسین وانی، حاجی محمد سلطان ،محمد شفیع ڈار اور سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے ۔







