دارالعلوم دیوبند میں انسدا ددہشت گردی سکواڈ کے کمانڈوز کا مرکز قائم کرنے کا فیصلہ
لکھنو 18 اگست (کے ایم ایس) بھارتی ریاست اتر پردیش میں بی جے پی کی فرقہ پرست حکومت نے ریاست کے ضلع سہارنپور میں دارالعلوم دیوبند کے نام سے موسوم مسلمانوں کی معروف تعلیمی درسگاہ کے قصبے دیوبند میں انسدا دہشت گردی سکواڈ کے کمانڈوز کا تربیتی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر اعلی یوگی آدتیاناتھ کے میڈیا مشیر شالب منی تریپاٹھی نے ایک ٹویٹ میں نے کہا کہ کمانڈو زسینٹر کے قیام کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے 2ہزارمربع میٹر زمین کمانڈو سینٹر کے لئے مختص کی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق مرکز میں کمانڈوز کو تربیت دی جائے گی اور ایلیٹ فورس کے لئے ریفریشر کورس کا انعقادکیا جائے گا۔
دریں اثناءحزب اختلاف کی جماعتوں نے ا س اقدام پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے فرقہ پرستی اور تقسیم کرنے والا اقدام قراردیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان سریندراراجپوت نے فیصلے پر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ترقی کے فقدان ، بے روز گار اور گنے کے کاشتکاروں کی عدم ادائیگی جیسے اصل مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش قراردیا۔سماج وادی پارٹی کے ویویک سلیس نے اس اقدام کو فرقہ پرستانہ اور تقسیم کرنے والا قراردیتے ہوئے ماضی میں دہشت گردی سے متعلق گرفتاریوں کا حوالہ دیا جن کی تحقیقات ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچی۔KMS-01/S