کل جماعتی حریت کانفرنس کا امان اللہ مرحوم کو برسی پر خراج عقیدت
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے تحریک آزادی کے معروف رہنما اور جمو وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان مرحوم کی آٹھویں برسی پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دعائیہ مجلس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ حریت رہنماﺅں نے اس موقع پر مرحوم رہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے اپنی زندگی جموںوکشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے وقف کر دی تھی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک انتہائی نڈر اورباصلاحیت رہنما تھے جو آخر دم تک ایک عظیم کاز کیساتھ وابستہ رہے۔
انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔ انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں آج سوپور میںشہید ہونے والے دو نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بیگناہ لوگوں کے قتل اور گرفتاری سے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتا اور وہ اپنے شہداءکا عظیم مشن مقصد کے حصو ل تک جاری رکھیں گے۔
حریت رہنماﺅں نے اس موقع پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل،ایشاءواچ اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں رکوانے کیلئے بھارت پر بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔ آخر میں امان اللہ خان مرحوم اور شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی گئی ۔