بھارت کشمیریوں کو معذور بنانے کیلئے وحشیانہ اور غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ، رپورٹ
سرینگر: غیر قانونی طورپر بھار ت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ اور غیر انسانی ہتھکنڈوں کی وجہ سے ہزاروں کشمیری عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں جبکہ مقبوضہ مقبوضہ علاقے میں پر امن مظاہرین پرمہلک پیلٹ گنزکے استعمال سے 200سے زائد افراد بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔
آج خصوصی افرادکے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی پر امن مظاہرین پرفائرنگ ، پیلٹ گنز ، آنسو گیس اور پاوا شیلوں کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کو عمر بھر کیلئے معذور اور اپا ہج بنارہے ہیں ۔ اسکے علاوہ وحشیانہ ظلم و تشدد، بجلی کے جھٹکے، ٹانگوں کے پٹھوں کو لکڑی کے رولر سے کچلنا ، گرم چیزوں سے جلانا اور تفتیشی مراکز میں الٹا لٹکانا بھی شامل ہیںجبکہ محکوم کشمیریوں کے خلاف کھلونانما بموں اور بارودی سرنگوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، جس سے ہزاروں مظلوم کشمیری شہید اور عمر بھر کیلئے معذور ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف مہلک پیلٹ گنز کے وحشیانہ استعمال سے مقبوضہ علاقے میں معذور ہونے والے افراد کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت تین ہزار سے زائد کشمیری اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت کھونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو ایک منظم طریقے سے معذوربنانے کے بھارتی حکومت کے غیر انسانی اقدام کا فوری نوٹس لے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار مقبوضہ علاقے میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں، خواتین اور بچوں کو گرفتار کر کے انہیں وحشیانہ نتشدد کا نشانہ بنا کر جسمانی طور پر معذور بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کے حوالے سے چشم کشا رپورٹیں جاری کی ہیں تاہم اسکے باوجود مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔