کپور تھلہ: شرپسندوں کا شال فروخت کرنے والے کشمیری شخص پر بہیمانہ تشدد، سامان لوٹ لیا

سری نگر:
بھارتی پنجاب کے علاقے کپورتھلہ میں شرپسندوں نے شال فروخت کرنے والے ایک کشمیری شخص کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکا سامان لوٹ لیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد شفیع نامی شخص پر کم از کم تین افراد نے حملہ کیا اور اسے نہ صرف مارا پیٹا بلکہ اس کے پاس موجود شا ل اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔شدید مارپیٹ کے سبب وہ زخمی ہوا اور اسے بعد ازاں ہسپتال لے جایا گیا۔
دریں اثنا جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو فوری طور پر پکڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ ” ہم نے یہ معاملہ پنجاب کے چیف سکریٹری کے اے پی سنہا کے ساتھ اٹھایا ہے جنہوں نے ہمیں کہا کہ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) پنجاب گورو یادو کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مجرموں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کریں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مجرموں کو ضرور ان نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے وہ مستحق ہیں۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ کشمیری طلباءاور شال بیچنے والوں کا تحفظ اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔






