تنازعہ کشمیر علاقائی امن ، پاک بھارت خوشگوار تعلقات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ، حریت کانفرنس
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات اور خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں نوجوانوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی اور دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے باعث خطہ مسلسل ایک غیر یقینی صوتحال سے دوچار ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس دونوں ہمسایہ ملکوںکے درمیان دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے اور اگر دونوں ملک تنازعہ کشمیر کے حل لیے کوئی قدم اٹھاتے ہیں تو حریت کانفرنس اسکی حمایت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل مذاکراتی عمل سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
ترجما ن نے اس موقع پر عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے والے بھارتی فوجیوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔